اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مسلحانہ جھڑپوں کا شکار بچوں کے امور میں اقوام متحدہ کی خصوصی ایلچی لیلی زروجی نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کا نام بھی اقوام متحدہ کی " بچوں کے قاتل" نامی فہرست میں شامل کئے جانے کی ضرورت ہے- بچوں کے قاتل" نامی اقوام متحدہ کی یہ فہرست عنقریب جاری ہونے والی ہے- اطلاعات کے مطابق لیلی زروجی نے یہ مطالبہ اس وجہ سے کیا ہے کہ غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کی فوج کے پچاس روزہ حملوں میں پانچ سو سے زیادہ فلسطینی بچے شہید اور تین ہزار تین سو زخمی ہوئے تھے- رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ میں ایسے ممالک، گروہوں اور تنظیموں کے نام شامل ہیں کہ جنہوں نے بچوں کی جان کو مسلسل اور مستقل طور پر خطرے سے دوچار کیا ہے- اس وقت اس فہرست میں داعش، القاعدہ اور طالبان گروہوں کا نام شامل ہے- لیلی زروجی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے نام اپنے خط میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی اراکین پارلیمنٹ نے ان کو دھمکی دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس فہرست میں صیہونی حکومت کی فوج کا نام شامل نہ کیا جائے-
۔۔۔۔
۲۴۲